اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں وہ کوئی ناجائز چیز نہیں بلکہ انصاف مانگ رہے ہیں، حکمران جتنا لمبا کھیلیں گے پی ٹی آئی کو اتنا ہی فائدہ ہو گا۔ کوئی کہہ دے کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی ہوئی تو فوری الیکشن کرا دیں گے۔
اسلام آباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کا خیال تھا کہ سردی کی وجہ سے دھرنا چھوڑ کر بھاگ جائیں گے لیکن آج چودہ اگست سے بھی زیادہ جنون دکھائی دے رہا ہے، ہارنے والے نہیں حکمران جتنا لمبا کھلیں گے تحریک انصاف کو اتنا ہی فائدہ ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں آج تک حقیقی جمہوریت نہیں آئی، مظلوم طبقے کے حقوق کیلئے نکلے ہیں۔ عوام کا ووٹ چوری کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اگر کوئی کہہ دے کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی ہوئی تو فوری الیکشن کرا دیں گے۔