لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن کا انعقاد آزادانہ ماحول میں نہیں ہوا، پانی کی طرح پیسہ بہایا گیا، دوبارہ گنتی میں انصاف نہ ملا تو الیکشن ٹربیونل میں جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے انتخابات 2018ء کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ الیکشن کا انعقاد آزادانہ ماحول میں نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کا کیسا نظام ہے جو ہر انتخابات میں بیٹھ جاتا ہے۔
لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کپتان پر این اے 131 کا الیکشن خریدنے کا الزام عائد کر دیا اور کہا کہ عمران خان کے سیاسی انتقام نہ لینے سے متعلق بیان پر بھی انھیں عدم اطمینان ہے۔
خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ ن لیگ سمیت کئی جماعتوں نے نتائج مسترد کر دئیے ہیں، آئندہ لائحہ عمل کا اعلان اے پی سی میں کرینگے، دھرنے اور گالیوں کے بجائے ہم مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔