کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمہوریت کے نام پر اقتدار میں آنے اور اسمبلیوں میں نشستوں پر بیٹھ کر قوم کی تقدیر کے فیصلے ذاتی مفادات کے تحت کرتے ہوئے کرپشن و کمیشن ‘ استحصال ‘ ظلم اور نا انصافی کو فروغ دیکر قوم کو مایوسیوں کے اندھیروں میں دھکیل کر دہشتگردی کو جنم دینے والے ایک جانب دہشتگردی کیخلاف سخت قوانین کا مطالبہ کررہے ہیں تو دوسری موجود قوانین پر غیر جانبدارانہ عملدرآمد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ثابت ہونے کے ساتھ فوجی عدالتوں کی بھی مخالفت کررہے ہیں کیونکہ غیر جانبدارانہ عدالتی فیصلے ان کی موت ثابت ہو سکتے ہیں۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے کہا کہ اسلام کی بنیاد یعنی انصاف ‘عدل اور مساوات کی فراہمی کے ذریعے ہی دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہے مگر موجودہ استحصالی نظام میں جہاں محدود ومخصوص افراد کو پوری قوم کی تقدیر کے فیصلوں کااختیار حاصل ہے انصاف ‘ عدل اور مساوات کی فراہمی نا ممکن ہے۔
اسلئے ملک وقوم کے وسیع تر مفاد اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے روشن پاکستان پارٹی کے پیش کردہ ”مقامی خود مختاری “ کے فارمولے کے تحت خود مختار ڈویژنل کونسلوں کے قیام کے ذریعے عوام الناس کو منتخب نمائندوں اور حکومتوں کے احتساب کے حق و اختیار کی فراہمی کے ذریعے شریک اقتدار بناکر ہی استحصالی و ظالمانہ نظام ‘ دہشتگردی اور دیگر تمام قومی مسائل و بحرانوں سے نجات پاکر عوام کو مطمئن ‘ آسودہ و خوشحال اور پاکستان کو مستحکم و ترقی یافتہ بنایا جا سکتا ہے۔