اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسٰی نظر ثانی کیس میں حکومتی درخواست پر اعتراض عائد ہونے کے خلاف حکومت نے اپیل دائر کر دی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف وفاقی حکومت نے اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر دی ہے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ رجسٹرار آفس کا 25 مئی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرکے کیس سماعت کیلئے مقرر کیا جائے،رجسٹرار آفس کے اعتراضات خلاف قانون ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کیس کے 26 اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کر رکھی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف بی آر کو جائیدادوں کی تحقیقات سے اور کارروائی سے نہیں روکا جا سکتا تاہم رجسٹرار آفس نے درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔
رجسٹرار آفس نے نظر ثانی کیس میں دوسری بار نظر ثانی اور تضحیک آمیز الفاظ کے استعمال پر درخواست دائر کرنے کا اعتراض عائد کیا تھا۔