جسٹس جواد ایس خواجہ قائم مقام چیف جسٹس مقرر

Justice Jawad S Khawaja

Justice Jawad S Khawaja

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کے بیرون ملک دورے کے دوران سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس جواد ایس خواجہ کو قائم مقام چیف جسٹس پاکستان مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔

صدارتی ترجمان کے مطابق چیف جسٹس ناصر الملک وفد کے ہمراہ 31 اکتوبر سے 10 نومبر تک جنوبی کوریا کے سرکاری دورے پر جا رہے ہیں۔ اس عرصے کے دوران سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس جواد ایس خواجہ قائم مقام چیف جسٹس پاکستان ہوں گے۔

صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر اس تقرری کی منظوری دی ہے۔ صدر مملکت نےلاہور ہائی کورٹ کے 6 ایڈیشنل ججوں کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری بھی دی۔ ان ایڈیشنل ججوں میں جسٹس محمود احمد بھٹی، جسٹس ارشد محمود تبسم، جسٹس محمد طارق عباسی، جسٹس چودھری محمد مسعود جہانگیر، جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس ایم سہیل اقبال بھٹی شامل ہیں۔