لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کیخلاف اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے ، ریفرنس پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد کی جانب سے دائر کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ ہمارے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے اثاثے چھپائے جو الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اس لئے انہیں فوری طور پر نا اہل قرار دیا جانا چاہیئے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس حوالے سے ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ وزیر اعظم کتنے اثاثوں کے مالک ہیں ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اس بارے میں جلد ہی ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کریں گے جس میں مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ یاسمین راشد نے کہا کہ انہیں امید ہے الیکشن کمیشن اس معاملے میں انصاف کرے گا ۔