جسٹس ناصرالملک آج بطور چیف جسٹس آف پاکستان عہدے کا حلف اٹھائیں گے

 Nasirul Mulk

Nasirul Mulk

اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس ناصرالملک آج ملک کے 22 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے ایوان صدر میں عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پاکستان کے 21 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے 65 سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد ریٹائر ہوگئے جس کے بعد نئے نامزد چیف جسٹس ناصر الملک آج ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں سپریم کورٹ کے 22 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

آئین کے تحت چیف جسٹس کی رٹائرمنٹ پر صدر مملکت نئے چیف جسٹس کا تقرر کرتے ہیں لیکن الجہاد ٹرسٹ اور ملک اسد کیس میں سپریم کورٹ کے فل کورٹ کے فیصلے نے انھیں سینئر ترین جج کو چیف جسٹس مقرر کرنے کا پابند کیا ہے۔

جسٹس ناصرالملک 8 اگست 1950 کو خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے انر ٹیمپل ان لندن سے 1976 میں بار ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی، نئے چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیے ہیں۔

جسٹس ناصرالملک ان 7 ججوں میں شامل تھے جنھوں نے 3 نومبر 2007 کو پی سی او کیخلاف حکم امتناع جاری کیا تھا اور اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے روکا تھا۔ جسٹس ناصر الملک کی ریٹائرمنٹ پر اگلے سال اگست میں جسٹس جواد ایس خواجہ محض 24 دن کیلیے چیف جسٹس بنیں گے۔