کراچی (اسٹاف رپورٹر) فوجی عدالتوں کے قیام کے حکومتی فیصلے، سیاسی جماعتوں اور دیگر حلقوں کی جانب سے ان عدالتوں کے قیام کیخلاف جاری مہم، تحفظات کے اظہار اور انہیں مسترد کئے جانے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشتگردی و بد امنی کی صورتحال کے ساتھ کرپشن وکمیشن کے جس چنگل میں پھنسا ہوا ہے اس کی وجہ سے نہ صرف عوام مکمل طور پر غیر محفوظ ہوچکے ہیں۔
بلکہ تباہ ہوتی ہوئی اقتصادی صورتحال معیشت کی بربادی کا باعث بن کر غربت ‘ بیروزگاری اور بھوک کی صورت عوام کو خود کشی پر مجبور کررہے ہیں اور ان حالات میں انصاف کی عدم فراہمی یا تاخیر ریاست کو ناکامی اور خانہ جنگی کی جانب لیجارہی ہے اس لئے یہ وقت روایتی سیاست یا فیصلوں کا نہیں۔ بلکہ انقلابی اقدامات کا ہے اور فوجی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ انقلابی اقدامات کی جانب پہلا قدم ہے۔
کیونکہ اس سے نہ صرف انصاف کی فراہمی کی رفتار میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک وقوم دشمنوں کو عوام کیلئے نشان عبرت بناکر آئین و قوانین کی پاسداری و پابندی کو بھی یقینی بناکر ریاست کو ناکامی کی جانب بڑھنے سے بھی روکا جاسکے گا مگر آئین وقوانین کے تضادات کا فائدہ اٹھاکر قومی وسائل پر قابض ہونے اور عوام کا استحصال کرنے والے ان عدالتوں کے قیام کی مخالفت کررہے ہیں۔
حالانکہ ان کی مخالفت کی بجائے ان عدالتوں کوقومی مفادات کا تابع بنانے کی ضرورت پر زور اور اس کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے۔