جسٹس مقبول باقر پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے برنس روڈ میں سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر پر بم حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس بم حملے میں جسٹس مقبول باقر کے ڈرائیور اور پولیس و رینجرز کے اہلکاروں سمیت متعدد افرادکے شہید و زخمی ہونے پردلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ جسٹس مقبول باقر پر بم حملہ کھلی دہشت گردی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وں نے جس طرح جسٹس مقبول باقر کے قافلے کو بڑے پیمانے پر دہشت گردی کانشانہ بنایا ہے وہ حکومت، پولیس و انتظامیہ اور تمام سیکورٹی اداروں کیلئے ایک کھلا چیلنج ہے۔

الطاف حسین نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے جسٹس مقبول باقر کی صحتیابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے بم دھماکے میں جسٹس مقبول باقرکے ڈرائیور، پولیس و رینجرز اور شہریوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس و رینجرز کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔