کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس نے وضاحت کی ہے کہ جسٹس مقبول باقر پرحملے کے مرکزی ملزم معصوم باللہ کو 17 جولائی کو ہی گرفتار کیا تھا۔ چالان میں غلط تاریخ کا اندراج، کاتب کی غلطی سے ہوا۔ پولیس نے کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جسٹس مقبول باقر حملہ کیس کا حتمی چالان پیش کیا تھا۔ اس کے مطابق 26 جون 2013 کو ہونے والے حملے کا مرکزی ملزم معصوم باللہ 17 مارچ کو گرفتار ہوا۔ جب کہ باقی ملزمان کی گرفتاری 17 جولائی کو ظاہر کی گئی تھی۔
ذرائع پر رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔ ایس ایس پی ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ چالان میں مرکزی ملزم معصوم باللہ کی گرفتاری کی تاریخ غلط دی گئی، یہ کمپوزنگ کی غلطی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزم معصوم باللہ کو 17 مارچ کو نہیں، 17 جولائی کو ہی گرفتار کیا تھا، تفتیشی افسر نے غلطی دور کر کے چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔