سندھ(جیوڈیسک)سندھ میں نگراں حکومت کے قیام پر پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔ جسٹس ر قربان علوی نگراں وزیر اعلی کی دوڑ میں سرفہرست ہیں۔ سندھ میں نگراں حکومت کے قیام پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مشاورت مکمل کرلی۔
جس کے بعد دونوں جماعتوں نے پارٹی سطح پر مشاورت شروع کردی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے انتہائی معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ قربان علوی سندھ میں نگراں وزیراعلی کی فہرست میں سب سے آگے ہیں جس پر دونوں فریقین کے درمیان اتفاق پایا جاتا ہے جبکہ جسٹس ریٹائرڈ دیدارحسین شاہ فہرست میں دو سرے پوزیشن پر ہیں۔
حتمی فیصلے کی منظوری کیلئے وزیراعلی سندھ پیپلزپارٹی سندھ کور کمیٹی کے ساتھ اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں اعلی قیادت سے مشاورت کے بعد بدھ کے روز اہم فیصلے متوقع ہیں۔ متحدہ قومی مومنٹ بھی نگراں حکومت کے معاملے پر اپنی پارٹی قیادت سے مشاورت کررہی ہے۔
گورنر ہاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان نگراں حکومت کے معاملے پر طویل مشاورت ہوئی جس میں نگراں کابینہ پر بھی مشاورت کی گئی ۔ ابتدائی طور پر کابینہ تیرہ ارکان پر مشتمل ہوگی جس کیلئے پیپلزپارٹی سے سات نام اور ایم کیو ایم کے پانچ نام ہونگے جبکہ ایک نام عوامی نیشنل پارٹی دے گی۔