کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں آزاد عدلیہ کام کررہی ہے اور ملک میں مروج نظام عدل میں کوئی خرابی نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ایسے معاشرے میں رہتے ہیں کہ جہاں مقتول کی والدہ اور بیٹیاں عدالت میں آکر بیان دیتی ہیں کہ کیس کے تمام چشم دید گواہ منحرف ہوگئے ہیں اور سرکاری مشینری بھی ان کے خلاف کام کررہی ہے۔
جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ معاشرےمیں سچ اورجھوٹ،حلال وحرام کی تفریق ختم ہوتی جارہی ہے،عدالتی احکامات پر عمل ہونے کےبجائے بچنے کا سہارا لیا جاتاہے۔ایسےقوانین متعارف کرائےجائیں جو مقدمات کے تصفیے کے لیے حل فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے دنیا بھر میں متبادل نظام موجودہے، پرنٹ و الیکٹرنک میڈیا کو تنازعات کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔