جیولرز ایسوسی ایشن نے سونے کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا

Gold

Gold

پاکستان (جیوڈیسک) آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے سونے کی درآمد پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ سنار برادری نے کہا ہے کہ ایس آر او دوسو چھیاسٹھ واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیولرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین سعید مظہر نے کہا کہ سونے پر پابندی روپے کی قدر مستحکم کرنے کے لیے لگائی گئی تاہم پابندی کے باوجود روپے کی قدر میں کمی کا کون ذمے دار ہے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ پاکستان سے بھارت سونے کی اسمگلنگ کو جواز بنا کر اس کی درآمد پر پابندی لگائی گئی تاہم اتنا عرصہ گذرجانے کے باوجود ایک بھی اسمگلر کیوں گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

سعید مظہرکا کہنا تھا کہ سونے کی اسمگلنگ کو جواز بنا کر جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کے لیے خام مال کی دستیابی کے واحد قانونی ذریعے پر ایک ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سونے کی درآمد پر پابندی کے بجائے حوالے کا کاروبار کرنے والی ایکسچینج کمپنیوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔