کراچی (جیوڈیسک) کے الیکٹرک نے صارفین سے 70 ارب روپے سے زائد وصولی کی حکمت عملی تیار کر تے ہوئے آئندہ 10 سالوں کے لیے بجلی 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔
کے الیکٹرک نے سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے نام پر آئندہ 10 سالوں میں صارفین سے 70 ارب روپے وصولی کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ کے الیکٹرک نے نیپرا سے سسٹم آپریشن اور مرمت کے نام پر 2026 تک بجلی 66 پیسے فی یونٹ مہنگی کرکے صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے اور ریلیف میں کمی کی درخواست کی ہے۔
کے الیکٹرک نے 10 سالہ ٹیرف میں نئی شرائط شامل کرنے کی درخواست بھی کی ہے جس میں کے الیکٹڑک نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سبسڈی کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث کے کمپنی کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا نیپرا کے الیکٹرک کے نئے ٹیرف میں ورکنگ کیپیٹل کی شق شامل کرے، سبسڈی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں مالی اثرات صارفین پر منتقل کیے جائیں گے۔