کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں رمضان سے قبل ہی عید سیزن شروع ہو گیا، کے ایس ای 100 انڈیکس 264 پوائنٹس اضافے کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ایکس چینج میں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی تیزی رہی اور ایک وقت انڈیکس 23 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 264 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 22 ہزار 985 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایکس چینج میں 18 ارب روپے کے حصص کا لین دین ہوا جو گزشتہ 4 سال کے دوران سب سے زیادہ مالیت کا لین دین ہے۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے نئے قرض کے معاملات میں مثبت پیشرفت کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ہے، جس سے ایکس چینج میں بیرونی اور مقامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے۔