کبڈی ورلڈ کپ: کینیڈا کو شکست دے کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Kabaddi World Cup

Kabaddi World Cup

لاہور (جیوڈیسک) کبڈی ورلڈ کپ 2014ء میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم کینیڈا کو 45-35 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے، پاکستان کی طرف سے کپتان شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر، مشرف جاوید جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح دلائی۔

تفصیلات کے مطابق کبڈی ورلڈ کپ 2014ء میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے بھارت کے شہر پٹیالہ میں ہونیوالے اپنے چوتھے میچ میں کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

کینیڈا کیخلاف میچ میں پاکستان کی طرف سے کپتان شفیق چشتی، اکمل شہزاد ڈوگر ، مشرف جاوید جنجوعہ، عرفان مانا اور علی شان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور واضح فرق سے میچ بآسانی جیت لیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے خوبصورت ریڈز اور سٹاپ کرکے متعدد پوائنٹس حاصل کرکے کینیڈا کو 45-35سے شکست دی، پاکستانی کھلاڑیوں کے بہترین کھیل پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔

پاکستان اپنا پانچواں اور آخری لیگ میچ 17 دسمبر کو امرتسر میں ارجنٹینا کیخلاف کھیلے گا، واضح رہے کہ پاکستان کی خواتین کی کبڈی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے، مردوں اور خواتین کے سیمی فائنل 18 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔