کابل (جیوڈیسک) افغان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بدھ کو کابل کے دو مختلف علاقوں میں خودکش بم دھماکے ہوئے جن میں کم از کم 16 ہلاک جب کہ 40 زخمی ہوئے۔
افغانستان کی وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نجیب دانش نے کہا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے دارالحکومت کابل کے مغرب میں ایک پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا، جس کے بعد مسلح حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
وزارت صحت کے عہدیدار محب اللہ زیر نے بتایا کہ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور 37 زخمی ہو گئے۔
’اے پی‘ نے ایک افغان خاتون پولیس اہلکار منزہا کے حوالے سے کہا کہ ’’ہم ڈائنگ روم میں تھے اور دن کا کھانا رہے تھے کہ ایک زور دار دھماکا ہوا۔ کچھ دیر کے لیے میں کچھ نہیں دیکھ سکی۔‘‘
دریں اثنا حکام کے مطابق ایک پیدل خودکش بمبار نے کابل کے مشرقی علاقے میں دھماکا کیا۔
دوسرے خودکش بم دھماکے کا ہدف افغان نیشنل انٹیلی جنس کا ایک دفتر بتایا جاتا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔