کابل سے روانہ ہونیوالے امریکی طیارے کے پہیوں سے انسانی اعضاء برآمد

Kabul American Plane

Kabul American Plane

کابل (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی فضائیہ نے کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شہریوں کے انخلاء کے موقع پر ہونے والی افرا تفری کے بعد انکشاف کیا ہےکہ فوجی طیارے کے بعض بیرونی حصوں سے انسانی اعضاء بھی ملے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کا کہنا ہےکہ حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والے سی 17 کے لینڈنگ گیئر اور پہیے کے اطراف سے انسانی اعضاء ملے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

طالبان کے کابل میں داخلے کے بعد کئی شہری ائیرپورٹ پر کابل کو چھوڑنے کی غرض سے جمع ہوئے تھے اور اس موقع پر تین افراد امریکی فوجی طیارے C-17 سے لٹک گئے لیکن جہاز کے ٹیک آف کے بعد وہ تینوں گِر کر ہلاک ہوگئے تھے۔

امریکی فضائیہ نے فوجی طیارے سے لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں افغان شہریوں کےگرکر ہلاک ہونے کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

امریکی فضائیہ کی ترجمان نے بتایاکہ تفتیش کار افغان شہریوں کے جہاز سے گرنے کی ویڈیو سمیت سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز اور پوسٹس کا جائزہ لیں گے جب کہ قطر میں لینڈنگ کے بعد جہاز کے وہیل سے نکلنے والی لاش کا معاملہ بھی دیکھیں گے۔