کابل: گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹر ہلاک

Kabul

Kabul

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارلحکومت کابل میں امریکی چیریٹی کی جانب سے چلائے جانے والے ہسپتال میں گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹرز ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق کیور انٹرنیشنل ہسپتال میں ہونے والے حادثے میں سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا جسے پولیس نے پکڑ لیا ہے تاہم ابھی تک فائرنگ کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہو سکے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کیور ہسپتال کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ کے نتیجے میں تین غیر ملکی ہلاک اور میڈیکل اسٹاف کی ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

‘واقعہ صبح دس بجے کے قریب پیش آیا جس میں حملہ آور زخمی ہو گیا اور اسے پولیس نے پکڑ لیا ہے۔ واقعے کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہو سکے’۔ کیور ہسپتال کو پنسلوانیا میں ایک غیر منافع بخش تنظیم کی جانب سے 1998 میں تعمیر کرایا گیا، یہ 29 ملکوں میں ہسپتال چلا رہی ہے اور دماغی بیماریوں اور جلے ہوئے مریضوں کے علاج میں خاص مہارت حاصل ہے۔ افغانستان میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد امریکی ڈاکٹر تھے۔