کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں مارشل فہیم ملٹری یونیورسٹی پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ حملے میں 5 فوجی جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے، تمام چار حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پر دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے 5 دہشتگردوں نے صبح 5 بجے کے لگ بھگ یونیورسٹی پر حملہ کیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
اسی یونیورسٹی پر گزشتہ برس اکتوبر میں ایک حملے میں 15 کیڈٹ ہلاک ہوئے تھے۔ دو ہفتوں میں کابل پر یہ تیسرا دہشتگرد حملہ ہے، دو روز پہلے ہوئے حملے میں 103 افراد ہلاک اور 250 کے لگ بھگ زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ ہفتے لگژری ہوٹل پر حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔