کابل: فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ، دو افغان فوجی ہلاک

Military Bases

Military Bases

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں غیر ملکی افواج کے اڈے کو نشانہ بنایا جس میں دو افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ منگل کی صبح کیے گئے حملے کی ذمے داری افغان طالبان نے قبول کر لی ہے۔

جیسے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا وقت قریب آتا جا رہا ہے غیر ملکی افواج اور افغان حکومت پر حملوں میں تیزی آتی جا رہی ہے۔ کابل پولیس کے سربراہ جنرل محمد ظاہر کے مطابق منگل کو مشرقی کابل کے ضلع پل چرخی میں غیر ملکی افواج کے اڈے کو نشانہ بنایا جس میں دو افغان سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے تاہم ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد فوجی اڈے پر مٹی لے کر آنے والے ٹرک میں چھپایا گیا تھا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی کلو میٹر دور تک کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے۔ طالبان ترجمان زبیح اللہ مجاہد نے ای میل میں بھیجے گئے بیان میں کہا کہ ٹرک بم کا مقصد غیر ملکی افواج کے انٹیلی جنس سینٹر کو نشانہ بنانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ ایک خود کش بمبار نے کیا جس کے بعد متعدد مسلح شدت پسند فوجی اڈے میں داخل ہو گئے۔