کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں سرکاری عمارت کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت دیہی بہبود وترقی کی عمارت کے قریب خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ دھماکا اس وقت ہوا جب ملازمین چھٹی کرکے گھر واپس جانے کے لیے بس کا انتظار کررہے تھے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق خود کش بمبار نے سرکاری عمارت کے باہر خود کو دھماکے سے اڑایا جب کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
واضح رہے کہ افغان صدر کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد افغان طالبان نے بھی عید کے موقع پر جنگ بندی کا اعلان کر رکھا ہے۔