کابل (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے افغان صدر حامد کرزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجی اڈوں کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ افغان حکومت خود کرے گی۔
جبکہ افغان صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے وزیر اعظم نواز شریف نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔
پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ دو ہزار چودہ افغانستان کی تاریخ میں اہم سال ہو گا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ایک بار پھر یقین دہانی کروائی کہ افغان امن عمل میں پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گا۔
ملا برادر کی رہائی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملا برادر سے افغان وفد کی ملاقات پر کرزئی حکومت کی ہدایات پر عمل کریں گے۔
افغانستان میں امریکی اڈوں سے متعلق سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس کے بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ افغان حکومت کرے گے۔
افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ نواز شریف کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کے خواہشمند ہیں۔