کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نائب چیف ایگزیکٹو محمد محقق کی رہائش گاہ کے قریب خودکش کار بم دھماکے میں 20 افراد جاں بحق اور 42 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ گلائی دواخانہ کے نزدیک نائب چیف ایگزیکٹو محمد محقق کی رہائش گاہ کے قریب ہوا۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے دھماکے کی تصدیق کر دی ہے تاہم انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی حتمی تعداد بتانے سے گریز کیا۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں ںے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا اکٹھے کر کے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری ارسال کر دیئے۔
وزیر اعظم محمد نواز شریف نے بھی کابل میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ دہشتگرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں ، افغانستان میں خودکش دھماکے میں ہلاکتوں پر دلی رنج ہے ،ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا تاکہ دنیا بھر میں امن و امان قائم رہ سکے۔