کابل (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت میں خودکش کار بم دھماکے میں 16 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات کابل کے رہائشی علاقے گرین ولیج کے قریب خودکش کار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں قریب موجود فیول اسٹیشن میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔
دھماکے کے فوراً بعد ایک اور دھماکے کی آواز بھی سنی گئی جو پیٹرول پمپ پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ہوا تھا۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کے مطابق اس حملے میں 5 افراد شامل تھے جنہیں اسپیشل فورسز نے ہلاک کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ علاقے میں کچھ دیر کے لیے اندھیرا چھا گیا تھا۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب افغانستان کے مرکزی ٹی وی اسٹیشن ٹولو نیوز پر امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا انٹرویو نشر ہو رہا تھا جس میں وہ طالبان کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کررہے تھے۔
دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملہ آور اور مسلح افراد آپس میں مسلسل رابطے میں تھے۔
واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے یہ مسلسل تیسرا حملہ ہے اس سے قبل افغان طالبان نے شمالی افغانستان کے شہر قندوز پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ بعدازاں صوبہ بغلان کے شہر پل خمری پر حملہ کیا جس میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔