کابل (اصل میڈیا ڈیسک) افغانستان میں مبینہ طور پر طالبان جنگجوؤں نے لڑکیوں کے اسکول کو نذر آتش کر دیا جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
خبر کے مطابق، لڑکیوں کے اسکول ’بویا زر‘ کو رات گئے نذر آتش کرنے کا واقعہ دارالحکومت کابل کے ضلع شکر درہ میں پیش آیا۔
اس اسکول میں سینکڑوں طالبات زیر تعلیم ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ رات گئے مسلح طالبان نے اسکول کی عمارت پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور عمارت پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی ضلع فراہ کے ایک اسکول کو مرمت کے بعد بحال ہوتے ہی نذر آتش کردیا گیا تھا تاہم اس اسکول کو نذر آتش کرنے کی ذمہ داری بھی کسی جنگجو گروپ نے قبول نہیں کی تھی۔