کابل (جیوڈیسک) افغان دارالحکومت کابل میں ووٹر رجسٹریشن سینٹر پر خودکش حملے کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان شہری کابل میں واقع ووٹر اور شناختی کارڈ سینٹر کے باہر اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے کہ خودکش بمبار نے خود کو شہریوں کے قریب جا کر دھماکے سے اڑا دیا۔
کابل پولیس چیف جنرل داؤد امین کے مطابق خودکش حملہ آور کا ہدف عام شہری تھے جس نے شناخی کارڈ حاصل کرنے والے شہریوں کے قریب جا کر خود کو دھماکے سے اڑایا۔
دوسری جانب وزارت صحت کے ترجمان واحد مجرو نے تصدیق کی ہے کہ خودکش حملے میں 31 افراد جاں بحق اور 54 زخمی ہوئے جن میں سے 10 کی حالت تشویشناک ہے۔
افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی اور دہشت گرد اپنی مرضی عوام پر مسلط نہیں کر سکیں گے۔