کراچی (جیوڈیسک) کراچی کو پانی فراہم کرنے والی کینجھر جھیل میں پانی کی سطح سمندر سے بھی اونچی، مگر شہر کے اکثر علاقے بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔
ملک میں میٹھے پانی کی دوسری سب سے بڑی کینجھر جھیل، یہ ایک بڑا پکنک پوائنٹ ہی نہیں بلکہ یہاں سے کراچی کو ہر روز 550 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے،تاہم کچھ عرصے سے پانی کی فراہمی مطلوبہ ضرورت سے کافی کم ہے اور کراچی کے اکثر علاقے پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں، اس بات کو خود وزیر اعلیٰ سندھ بھی تسلیم کرچکے ہیں مگر واٹر بورڈ اپنی ذمے داری پوری کرنے کو تیار نہیں۔
کینجھر جھیل انتظامیہ نے چند ماہ قبل بتایا تھا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال پانی کافی زیادہ ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ پرانی مشینری اور متبادل انتظام کا نہ ہونا بھی قلت آب کی ایک اہم وجہ ہے۔
اب اسے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کی چپقلش کہیں ، پانی کی چوری کہیں یا حکا م کی مبینہ غفلت، نقصان صرف شہریوں کا ہو رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکام جاگیں اور پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے فوری حکمت عملی بنائیں کیونکہ پانی کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔