کائرہ کی پارٹی کی دروغ گوئی سے عوام پوری طرح آگاہ ہیں رانا ثناء اللہ کا تبصرہ

لاہور(جی پی آئی)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قمرزمان کائرہ خاطر جمع رکھیں ان کی پارٹی کی دروغ گوئی سے عوام پوری طرح آگاہ ہیں اور ان کی آئے دن کی الزام تراشیوں کا لوگوں پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت قائم کرنے کا پیپلزپارٹی کا دعوٰی انگور کھٹے ہیں کے مترادف ہے ورنہ سیاست میں پی پی پی سے کسی کو بھی خیرکی توقع ہو ہی نہیں سکتی۔

انہوں نے اگر اپنے دعوے کے مطابق جان بوجھ کر پنجاب میں حکومت نہیں بنائی تو کیا وہ قوم کو یہ بتانا پسند کریں گے کہ صرف ایک سال بعد ہی مارچ 2009ء میں پنجاب حکومت کے خلاف شب خون مارنے کے لئے گورنرراج کیوںلگایا تھا؟ انہوں نے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے اور کرپشن کی تاریخ رقم کرنے والوں کو انتخابات میں اپنی سیاسی اوقات کا پتہ چل جائے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ لگتا یہی ہے کہ اپنے قائدین کی کرپشن اور بدعنوانیوں سے قمرزمان کائرہ بھی نالاں ہیں لیکن اظہار کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں پیپلزپارٹی لوٹ مار اور کرپشن کا عنوان بن چکی ہے کائرہ کی وضاحتیں کسی کام نہیں آئیں گی۔

ملک کی عدالتیں بھی اس پر بار بار فیصلے دے چکی ہیں جن پر عملدرآمد کی بجائے وفاقی حکومت ان کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے اور ان کا صرف ایک ہی کارندہ 82 ارب روپے لے کر بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کائرہ سٹپٹانے کی بجائے تھوڑا سا انتظار کریں تو انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو جائے گا۔