ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور ہدایتکار کرن جوہر اپنی آپ بیتی کی وجہ سے میڈیا میں خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ اپنی کتاب ’انسسٹینبل بوائے‘ میں کرن جوہر نے اپنی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ اس کتاب میں جہاں انہوں نے سپر سٹار شاہ رخ خان کی اپنی زندگی میں اہمیت کا ذکر کیا تو وہیں اپنی سب سے بہترین دوست کاجول کے بارے میں بھی کھل کر باتیں کیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر نے اپنی کتاب میں لکھا کہ فلم اے دل ہے مشکل اور اجے دیوگن کی فلم شیوائے کی ریلیز سے پہلے ہی کاجول کے ساتھ ان کی 25 سالہ رفاقت اور دوستی ختم ہو گئی تھی۔ کرن جوہر نے اپنی کتاب میں بتایا کہ ان کا کاجول سے اب کوئی تعلق نہیں رہا، یہ چیز مجھے بہت تکلیف پہنچاتی ہے، 25 سال کی دوستی کے باوجود اب ہم ایک دوسرے سے بات نہیں کرتے اور صرف ہیلو ہائے کہہ کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔
کرن جوہر کا کہنا ہے کہ درحقیقت میرے اور کاجول کے درمیان کبھی کسی قسم کا مسئلہ نہیں رہا، ہاں البتہ میرے اور اجے دیوگن کے درمیان کچھ مسائل ضرور رہے تھے، ایسا کچھ جسے صرف کاجول ہی جانتی تھیں۔
بھارتی فلمساز کا کہنا ہے کہ کاجول نے میرے ساتھ دوستی کی 25 سالہ رفاقت کا بھرم نہیں رکھا، اگر وہ اپنے خاوند کو سپورٹ کرنا چاہتی تھی تو یہ اس کا استحقاق تھا، جسے میں تسلیم کرتا ہوں تاہم میرے خیال میں جو کچھ بھی ہوا کاجول کو اس پر معافی مانگنا چاہیے تھی۔ کرن جوہر نے بتایا میں اپنی زندگی میں کبھی کاجول کو نہیں دیکھنا چاہتا۔ ہم دونوں نے چند ماہ سے ایک دوسرے سے بات چیت تک نہیں کی ہے۔