بالی وڈ (جیوڈیسک) ایک ایسے وقت میں جب روہت شیٹی کی فلم سنگھام ریٹرنز باکس آفس پر زبردست بزنس کر رہی ہے، اس نے اپنی آنے والی فلم کے لئے ماضی کی ہٹ جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول کو سائن کر لیا ہے۔
روہت شیٹی کی فلم سنگھام ریٹرنز 100 کروڑ کا بزنس مکمل کرنے والی ہے۔ شاہ رخ خان اور کاجول کی اس فلم کا ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور بالی وڈ کے با خبر ذرائع کا اب اس کا باقاعدہ اعلان کیا جانے والا ہے۔جونہی فلم کے سکرپٹ کا کام مکمل ہو گا، اگلے سال کے اوائل میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز کر دیا جائے گا۔
کہا جا رہا ہے کہ روہت شیٹی نے پچھلے ہفتے ہی کاجول کے ساتھ ڈیل فائنل کی ہے۔ یاد رہے کہ کاجول کے شوہر اور شاہ رخ کے درمیان مصالحت روہت نے ہی کرائی تھی۔ کاجول اور شاہ رخ کی آخری فلم، مائی نیم از خان 2010 میں آئی تھی ، اس طرح پانچ سال بعد اس جوڑی کی کوئی فلم دوبارہ آئے گی۔