اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیں۔
چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے درخواستوں پر سماعت کی ، درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا معاملہ کئی سالوں سے چل رہا ہے۔
ڈیم کی تعمیر نہ ہونے سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے ، اے کے ڈوگر کا کہنا تھا کہ صوبے اور سیاسی جماعتیں کالا باغ ڈیم پر متفق نہیں ہو رہے ۔ لاہور ہائیکورٹ بھی کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے فیصلہ دے چکی ہے ، عدالت عالیہ نے مشترکہ مفادات کونسل کو اس سلسلے میں اتفاق رائے پیدا کرنے کا کہا تھا ۔ سپریم کورٹ نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیں۔