آلائشیں نالے میں پھینکیں، نالہ بند، پانی سڑکوں پر آگیا

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور مختلف شہروں میں آلائشیں ٹھکانے لگانے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات پر عوامی ردِعمل کافی اطمینان بخش ہے ، تاہم کہیں کہیں شکایات بھی سامنے آئیں۔ پشاور شہر میں عید قرباں کے دوران صفائی کا انتظام نہ ہو نے سے نکاسی آب کا نظام شدید متاثر ہوا ہے جس سے نالوں کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں امڈ آیا ہے۔ اس صورت حال سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یہ کوئی سیلاب کا منظر نہیں۔ بلکہ پشاور کا مصرف ترین کوہاٹی چوک ہے۔

جہاں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں نالے میں پھینکنے سے نالہ بند ہوا اور پانی امڈ کر سڑکوں اور گلیوں میں بہنے لگا۔ جس سے خواتین راہگیروں اور بچوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ گاڑیاں بھی پانی میں پھنس کر رہ گئیں۔ صفائی کی ابتر صورت حال کے باعث نالے کا پانی گلی محلوں میں جمع ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقے کو تعفن نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

جس سے مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔شہریوں کے مطابق عید کے دن ضلعی انتظامیہ کی جا نب سے صفائی کی صورت حال سے متعلق دعووں کی قلعی کھل گئی اور ناقص نکاسی آب کے نظام کے باعث شہروں کو مشکلات کا سا منا کرنا پڑا۔