جیک کیلس کی ورلڈ کپ میں شرکت فٹنس اور فارم سے مشروط

Jacques Kallis

Jacques Kallis

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) آل رائونڈر جیک کیلس کی آئندہ برس ورلڈ کپ میں شرکت فٹنس اورفارم سے مشروط ہو گی، جنوبی افریقہ کی جانب سے انھیں سری لنکا کے خلاف سیریز سے میدان میں اتارا جائے گا، ٹیسٹ کپتان کا تقرر آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس کے آغاز میں جیک کیلس نے ورلڈ کپ 2015 میں شرکت کا خواب پورا کرنے کی خاطر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم ان کی میگا ایونٹ میں شرکت فٹنس اور فارم سے مشروط ہو گی۔

اگرچہ وہ ورلڈ کپ پلان کا حصہ ہیں تاہم انھیں زیادہ سے زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اینڈریو ہڈسن کا کہنا ہے کہ ایک سلیکٹر ہونے کے ناطے میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ کیلس کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ یقینی ہے ہم پہلے انھیں پرفارم کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

میگا ایونٹ سے قبل ہم نے 25 کے قریب ون ڈے میچز کھیلنے ہیں، کیلس سری لنکا کے ٹور میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور اس کے بعد ہم نے زمبابوے کا دورہ کرنا ہے، آل رائونڈر کوئی عام کرکٹر نہیں ہیں، وہ ٹیم میں توازن لاتے ہیں، وہ ہماری منصوبہ بندی کا حصہ ہیں لیکن اس کے لیے انھیں اپنی فٹنس اور فارم ثابت کرنا ہو گی۔