کمالیہ کی خبریں 7/6/2017

Dr.Ghulam Murtaza

Dr.Ghulam Murtaza

کمالیہ (ڈاکٹر غلام مرتضیٰ) پیارا پاکستان کو کامیاب شجر کاری مہم چلانے اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے مثبت کردار ادا کرنے کے صلہ میں ورلڈ انوائرنمنٹ ڈے کے موقع پر ایس اے۔ میرج ہال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منعقدہ تقریب میں کارکردگی سرٹیفکیٹ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر، ڈائریکٹر انوائرنمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سے صدر پیارا پاکستان ساجد کمبوہ نے وصول کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) محلہ فاضل دیوان گندگی کے ڈھیروں کا گڑھ بن چکا ہے اور صفائی کاکام کروانا اب ٹی ایم اے انتظامیہ کے بس کی بات نہیں ہے ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اب سپیشل صفائی عملہ دوسرے شہر سے تعینات کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار نوجوان سماجی ورکر رانا علی رضا نے اپنے ایک بیان میں کہا۔ انہوں نے کہا کمالیہ شہر صفائی کے حوالہ سے اس وقت بالکل صفر پر ہے عملہ مفت کی تنخواہیں کھا رہا ہے۔ کیونکہ محلہ فاضل دیوان جو کہ کمالیہ شہر کا ایک پرانا اور قدیم محلہ ہے وہاں پر صفائی کی صورت حال اس قدر ناقص ہے کہ سیوریج لائینیں آئے روز بند ہو نے سے کئی کئی فٹ پانی سڑک پر کھڑا رہتا ہے۔جس سے گزرنے والوں خاص طور پر خواتین اور بچیوں کو بہت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ہمارا ڈی سی او ٹوبہ ٹیک سنگھ سے اس چیز کا مطالبہ ہے کہ کمالیہ ٹی ایم اے کا عملہ تو صفائی کرنے میں ناکام ہے۔ لہٰذا اب دوسرے شہر سے عملہ صفائی کمالیہ میں تعینات کیا جائے تا کہ لوگ گندگی سے پیدا ہونے والی موذی قسم کی بیماریوں سے نجات حاصل کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری۔تفصیلات کے مطابق محلہ حسین شاہ کے حافظ تنویر کھچی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی موٹر سائیکل 125ccنمبریTSLـ7371 گھر کے باہر کھڑی کی اور خود اند چلا گیا تھوڑی دیر بعد واپس پلٹا تو موٹر سائیکل موجود نہ تھی۔تھانہ سٹی پولیس نے تحریری درخواست پر کاروائی شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) عالمی برادری کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار معروف سماجی کارکن سردار تصور خان بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔دہشتگردی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا بدترین دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے۔ عالمی برادری کو مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) مرکزی انجمن تاجران کے صدر حاجی عمر فاروق لدھیانوی نے کہا ہے کہ روزہ ہمیں صبر وتحمل اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کو دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ روزہ تزکیہ نفس کا موثر ذریعہ ہے۔رمضان المبارک کا اصل پیغام یہ ہے کہ غربا اور مساکین کی مدد کی جائے۔ افطار ڈنر میں حاجی رحمت علی کمبوہ،حاجی ارشاد سہیل،حافظ عالمگیر،رانا ارشاد انور خاں،ملک عبدالمجید،قاسم بٹ سمیت دیگر تاجر نمائندے بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) رمضان المبارک میں کمالیہ پر ہٹے کٹے گداگروں کی یلغار ہوگئی۔شہرکے مختلف علاقے،گلیاں،بازار آپس میں بانٹ لئے،خواتین سے بدتمیزی بھی معمول۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ شہر اور گردونواح میں ویسے تو سارا سال ہی گداگروں کی بھرمار رہتی ہے لیکن رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی گداگر مافیا کی تعداد میں ہوشربا اضافہ ہو جا تا ہے۔ گداگر شہر کے معروف بازاروں اقبال بازار،کچہری روڈ،صدر بازار،دہلی چوک سمیت گلیوں محلوں کو بھی آپس میں بانٹ کر بھیک مانگتے ہیں بھیک نہ دینے کی صورت میں شہریوں سے بد تمیزی کے واقعات بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔ ہٹے کٹے گداگر خواتین کے ساتھ بد تمیزی سے بھی گریز نہیں کرتے،شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کمالیہ (بیوروچیف۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ) کمالیہ کے نواحی علاقہ 270 گ ب کوٹ کھیتران مل موڑ کے قریب تیز آندھی اور بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔جاں بحق افراد کو ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے سے نکال کر ورثا ء کے حوالے کردیاہے۔ کمالیہ کے نواحی علاقے 270گ ب میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کمزور چھت آندھی اور بارش کی شدت کو برداشت نہ کرسکی اور نیچے سوئے ہوئے تین افراد پر گر گئی۔چھت گرنے سے تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جنہیں ریسکیو1122نے ملبے تلے سے نکال کر ورثا ء کے حوالے کردیا۔جاں بحق ہونے والوں میں پچاسی سالہ نصرت،پچپن سالہ اسلم اور پچپن سالہ اللہ دتہ شامل ہیں۔