کمالیہ (جیوڈیسک) قصاب کھلے عام مضر صحت گوشت فروخت کرنے لگے، حکام نے چپ سادھ لی۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ اور نواحی علاقوں کے قصاب کھلے عام بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کر رہے ہیں جبکہ پانی ملے گوشت کی فروخت کے حوالے سے شکایات تو عام ہو چکی ہیں۔ مضر صحت گوشت کھانے سے شہری خطرناک بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
اکثر قصاب سلاٹر ہاؤس جانے کی زحمت ہی گوارہ نہیں کرتے اور گھروں میں ہی جانور ذبح کر لیتے ہیں۔ متعلقہ حکام نے بھی کسی قسم کی کارروائی کرنے کی بجائے قصابوں کو شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں جب سلاٹر ہاؤس کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اقبال سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ سلاٹر ہاؤس میں ذبح ہونے والے تمام جانوروں کو چیک کیا جاتا ہے اور گوشت پر بھی چیکنگ کے بعد ہی مہر لگائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری گھر میں جانور ذبح کرنے والے قصاب کی نشاندہی کریں، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔