قمبر شہداد کوٹ (جیوڈیسک) قمبر کے علاقے وگن سے گزشتہ روز پولیس نے نوجوان عبدالجبار سولنگی کو ڈکیتی کے الزام میں گرفتار کیا جس کے بعد آج اہل علاقہ اور ورثاء نے وگن تھانے کا گھیراؤ کرکے پولیس کے خلاف مظاہرہ کیا اور پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔
جس کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ وگن سمندر خان چانڈیو سمیت چار پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر اللہ ڈینو نامی شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے زخمی ایس ایچ او سمیت آٹھ افراد کو چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایس ایچ او سمندر خان دم توڑ گئے۔ دوسری جانب علاقے میں گشیدگی ختم کروانے کے لئے ضلع بھر سے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ چکی ہے۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ آفتاب پٹھان نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی۔