لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے کامرہ ائیر بیس حملہ کیس میں پاک فضائیہ کو ملزمان کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس شہزادہ مظہر شیخ نے کامرہ ائیر بیس حملہ کیس کی سماعت کی۔ ایڈووکیٹ انعام الرحیم نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا وکیل ہوں لیکن کامرہ ائیربیس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ جسٹس مظہرشیخ نے ریمارکس دیئے کہ کس قانون کے تحت ملزمان کے وکیل کو مقدمہ لڑنے سے روکا گیا ہے۔
عدالت نے ملزمان کے خلاف ٹرائل پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پاک فضائیہ کو ملزمان کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ کیس کی مزید سماعت ستائیس اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
اگست 2012 میں دہشت گردوں نے کامرہ ائیر بیس پر حملہ کیا تھا، حملے کے بعد ائیربیس کے تین اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جا رہی تھی۔