کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ریلوے کی زمین پر قبضہ کر کے غیر قانونی تعمیرات کرنے پر پاکستان ریلوے کے تھانے میں سابق رکن سندھ اسمبلی کامران ٹیسوری کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
مقدمہ ریلوے کے اہلکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ کامران ٹیسوری نے ریلورے کی 2783 گز زمین پر قبضہ کر کے غیر قانونی تعمیرات کیں جسے روکا جائے۔
زمین پر قبضے کے مقدمے کے بعد ریلوے پولیس کی بھاری نفری نے متعلقہ زمین کو گھیرے میں لے لیا ہے، پولیس کی نفری آنسو گیس گن، اسلحہ اور ڈنڈوں سے لیس ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی نفری کسی بھی ممکنہ مزاحمت کے پیش نظر لگائی گئی ہے جب کہ پولیس نے تعمیرات کا کام بھی رکوا دیا ہے۔
دوسری جانب کامران ٹیسوری کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ بے بنیاد ہے، آج پریس کانفرنس کر کے سارے حقائق سامنے لاؤں گا۔
کچھ روز قبل وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس میں عوام کو خبردار کیا تھا کہ اس مقام پر غیر قانونی طور پر ریلوے کی زمین پر قبضہ کر کے عمارت بنائی جا رہی ہے، شہری یہاں سرمایہ لگانے یا خریدو فروخت سے باز رہیں۔