کینگروز کو پاکستانی اسپنرز کے ڈراؤنے خواب ستانے لگے

Australian

Australian

ہرارے (جیوڈیسک) اسپن اٹیک کے سامنے بیٹسمینوں کی کمزوری کھل کر عیاں ہوگئی، کینگروز کو ابھی سے پاکستانی اسپنرز کے ڈراؤنے خواب ستانے لگے۔ ہیمسٹرنگ انجری کے شکار کپتان مائیکل کلارک کے یو اے ای جانے پر بھی خدشات سامنے آگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں جاری ٹرائنگولر سیریز کے دوران اب تک آسٹریلیا کی 16 میں سے 11 وکٹیں سلو بولرز نے لی ہیں، اس صورتحال نے کوچ ڈیرن لی مین اور کپتان مائیکل کلارک کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔ انھیں ابھی سے یو اے ای میں پاکستان کیخلاف شیڈول سیریز کی فکر ستانے لگی جو مکمل طور پر اسپن کنڈیشنز میں کھیلی جائیگی۔

کلارک نے کہا کہ ہم مسلسل اسپن بولنگ کا سامنا کرنے کے حوالے سے بات کرتے رہتے ہیں، یہ درست ہے کہ ہمیں اس شعبے میں بدستور مشکلات کا سامنا ہے، زمبابوے کیخلاف میچ میں جو کچھ ہوا وہ اس مسئلہ کی تازہ مثال ہے۔

یاد رہے کہ اتوار کو ٹرائنگولر سیریز میچ میں میزبان نے آسٹریلیا کو 3 وکٹ سے شکست دی تھی، یہ کینگروزکی افریقی سائیڈ کے ہاتھوں 31 برس بعد پہلی اور مجموعی طور پر دوسری ہار تھی۔ میچ میں کلارک نے 68 رنز بنائے تھے کہ پھر سے ہیمسٹرنگ تکلیف کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے میدان سے باہر جانا پڑا۔

مائیکل کلارک ایونٹ سے قبل اس تکلیف سے دوچار ہوئے جس کی وجہ سے ابتدائی 2 میچز نہیں کھیل پائے تھے، وہ اب باقی سیریز سے باہر ہونے کے بعد منگل کو واپس آسٹریلیا روانہ ہورہے ہیں جہاں ڈاکٹرز سے انجری کا معائنہ کرائینگے۔

33 سالہ کلارک گذشتہ کافی عرصے سے فٹنس مسائل میں الجھ رہے ہیں، گذشتہ سال زیادہ تر عرصہ وہ کمر کی تکلیف میں مبتلا رہے اور اب ہیمسٹرنگ ان کیلیے وبال جان بن چکی، اسی وجہ سے ان کی پاکستان کیخلاف سیریز میں شرکت بھی شکوک کی زد میں ہے، اگر وہ فٹ ہوبھی گئے تب بھی بھارت سے ہوم سیریز اور اس کے بعد شیڈول ورلڈ کپ کے حوالے سے خدشات بدستور موجود رہیں گے۔

کوچ ڈیرن لی مین نے کہا کہ کلارک کی فٹنس کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے، سلیکشن پالیسی اس حوالے سے بالکل واضح ہے کہ اگر کپتان فٹ ہیں تو پھر انھیں لازمی طور پر میدان میں اترنا چاہیے، زمبابوے کیخلاف میچ میں بھی انکی فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد ہی کھلایا گیا تھا۔ کلارک نے کہا کہ وطن واپس پہنچ کر اسکین کراؤں گا جس کے بعد معلوم ہوگا کہ کب تک مکمل فٹ ہوسکتا ہوں۔