ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی سپر اسٹار انوشکا شرما نے دبنگ اسٹار سلمان خان کے ساتھ فلم ’’سلطان‘‘میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم’’سلطان‘‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جس میں وہ باکسر کے کردار میں نظر آئیں گے جب کہ فلم ریلیز کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے تاہم اب تک فلم میں سلو میاں کے مد مقابل اداکارہ کو کاسٹ ہی نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمساز نے فلم ’’سلطان‘‘ میں سلمان خان کے مدمقابل اداکارہ کے لیے کنگنا رناوت کے انکار کے بعد انوشکا شرما کو پیشکش کی جس پر اداکارہ نے مصروفیات کے باعث فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا جب کہ انوشکا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی فلم میں کام نہ کرنے کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ فلم ’’سلطان‘‘ اگلے برس عید کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ اسی روز بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم بھی ریلیز کی جائے گی۔