ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کوئین کنگنا رناوت نے اپنے فلمی معاوضے میں اضافہ کر دیا جس کے بعد وہ انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں ہیں۔
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ دپیکا پڈوکون اور جنگلی بلی کے نام سے مشہور پریانکا چوپڑا کا شمار بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں ہوتا ہے تاہم اب اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے معاوضے میں اضافہ کرتے ہوئے دونوں اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے فلم میں کام کرنے کا معاوضہ 11 کروڑ روپے وصول کیا جب کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون فلموں میں کام کا معاوضہ 8 سے 9 کروڑ روپے اور پریانکا چوپڑا 7 سے 8 کروڑ روپے وصول کرتی ہیں۔
دوسری جانب فلموں میں اپنا معاوضہ بڑھانے سے متعلق کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ فلموں میں میرے کردار سب سے الگ اور منفرد ہوتے ہیں جب کہ فلمیں بھی باکس آفس پر کامیابی حاصل کرتی ہیں جس کے باعث معاوضے میں معمولی اضافہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ کنگنا رناوت کی متعدد فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں ہیں جس میں’’کوئین‘‘،’’تنو ویڈزمنوریٹرن‘‘ شامل ہیں۔