نئی دہلی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں اپنا لوہا منوانے والی اداکارہ کنگنا رناوت کے مبینہ سابق بوائے فرینڈ ادھین سمن کا کہنا ہے کہ کنگنا کے ساتھ عشق نے انھیں کمزور بنا دیا تھا اور کنگنا کے ساتھ رشتہ ٹوٹنے کے بعد وہ کافی ڈرگئے تھے۔
چند ماہ پہلے جب رتك روشن اور کنگنا رناوت کے درمیان تنازع سامنے آیا تھا تب ادھین سمن اور کنگنا کے درمیان ہرشتے کی باتیں بھی شہ سرخیوں میں تھیں۔ اس انٹرویو میں ادھین نے الزام لگایا تھا کہ کنگنا انہیں گالیاں دیتی تھیں اور ان کے ساتھ مار پیٹ بھی کرتی تھیں۔
کنگنا کے ساتھ اپنے تلخ تعلقات کے بارے میں خاموشی توڑتے ہوئے ادھین نے بتایا،’ کنگنا کے ساتھ میرا رشتہ معمول کا تھا، لیکن اس میں بہت سی غیر معمولی باتیں بھی تھیں جنہیں میں بھولنے کی کوشش کر رہا ہوں‘۔
چھ سال تک خاموشی نہ توڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا، ’اس وقت میں بہت کمزور تھا اور رشتہ ختم ہونے کے بعد میں بہت ڈرا ہوا بھی تھا بعد میں مجھے احساس ہوا کہ میرے ساتھ کیا کچھ برا ہوا ہے‘۔ ادھین کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کا جھکاؤ صرف بڑے سٹار کی جانب ہی ہوتا ہے اور ان کے جیسے چھوٹے اداکار کا ساتھ کوئی نہیں دیتا۔
ادھین اب اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں تنہا چھوڑ دیں۔
فلم ’عشق کلک‘ میں وہ فوٹوگرافر کے کردار میں پاکستانی اداکارہ سارا لورین کے ساتھ نظر آئیں گے یہ فلم 22 جولائی کو ریلیز ہوگی۔