ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکاراؤں کنگنا رناوت اور دیپکا پڈوکون کے درمیان کافی عرصہ سے سرد جنگ جاری ہے تاہم اب اس لڑائی میں مزید شدت آرہی ہے کیونکہ کنگنا نے دیپکا پڈوکون پر اس کے معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کردیا ہے۔
یہ الزام فلم ’’کٹی بٹی‘‘کی اداکارہ نے حال ہی میں مشہور صحافی راجیو مساند کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران لگایا۔ کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ میرے دیپکا کے ساتھ کوئی تعلقات نہیں اور نہ ہی ہم ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے ایک دوسرے کے لیے کسی قسم کے جذبات نہیں ہیں اور اگر اتفاق سے ہم دنوں کسی تقریب میں اکٹھی ہو بھی جائیں تو ایک دوسرے کے گلے نہیں ملتی اور دوسروں کی طرح جذبات کا اظہار نہیں کرتیں بلکہ میری کوشش ہوتی ہے کہ جلد سے جلد وہ جگہ چھوڑ دوں جہاں دیپکا موجود ہو۔
کنگنا کا کہنا تھا کہ جب لوگ زبردستی دوسروں کی زندگی میں مداخلت کرنا شروع کردیتے ہیں تو اچھی بھلی چیزیں بھی بگڑ جاتی ہیں اسی لیے میں کسی کی زندگی میں مداخلت نہیں کرتی اور نہ ہی ایسا کرنے والوں کو پسند کرتی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنے والوں کو اپنے کام پر توجہ دینا چاہیے تاکہ وہ بھی اس مقام پر پہنچ سکیں جس پر آج میں موجود ہوں اور یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب وہ اپنی فلموں کام اور اپنی پرفارمنس پر بھر پور توجہ دیں گی۔