ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ ستارے اکثر معروف ٹی وی شوز میں شرکت کرتے ہیں مگر بھارت کے مشہور کامیڈین کپل شرما نے کسی فلمی ستارے کے بجائے سیاستدانوں کو اپنے شو میں بطور مہمان بلانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے شو میں شرکت کی دعوت دینا چاہتے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ حال ہی میں امریکی صدر بارک اوبامہ مشہور ٹی وی پروگرام ’’ایلنز شو‘‘ میں شرکت کرچکے ہیں اور میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتاہوں اور اپنے نئے شو میں فلمی ستاروں کے ساتھ ساتھ سیاستدانوں کو بھی بطور مہمان لانا چاہتا ہوں ان کا مذید کہنا تھا کہ میرے نزدیک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالات زندگی بہت متاثر کن ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ مودی بطور مہمان ان کے پروگرام میں شرکت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر نریندر مودی نے میرے پروگرام میں شرکت کی تو ان سے سیاست یا پارٹی پر گفتگو کرنے کے بجائے یہ پوچھا جائے گا کہ ایک چھوٹے سے شہر کا شخص کس طرح وزارت اعظمیٰ کے منصب تک پہنچا کیونکہ یہ لوگوں کے لیے بہت متاثر کن ہوگا ۔واضح رہے کہ کپل شرماکا نیا شو ’’دی کپل شرما شو‘‘ جلد ہی بھارتی چینل سونی سے پیش کیا جائے گا۔