کراچی میں 10,10 گھنٹے بجلی غائب،گیس نہ ملنے پر بن قاسم پلانٹ بھی بند

Karachi Load Shading

Karachi Load Shading

کراچی (جیوڈیسک) کراچی گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی ہے جس نے شہریوں کو بے حال کردیاہے، جبکہ گیس نہ ملنے پر بن قاسم پاور پلانٹ بھی بند ہوگیا۔کے ای ایس سی کے مطابق لوڈ شیڈنگ میں اضافہ گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔ کراچی میں طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں بھی بجلی کا تعطل دیکھا جارہاہے۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی یومیہ 8 سے 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دشوار کردیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل، گلزارہجری، میٹروول اور کورنگی شامل ہیں۔

ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے مقرر کردہ 27 کروڑ 60 لاکھ مکعب فٹ گیس کے بجائے صرف12 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس فراہم کی جارہی ہے۔ گیس کی عدم فراہمی کے باعث بن قاسم پاورپلانٹ بھی بند ہے جس کے باعث 560میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی ہے۔ ایسے حالات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھائے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق لوڈشیڈنگ بڑھنے سے شہر میں امن و امان کی صورتحال متاثر ہوسکتی ہے، جس کا ذمہ دار کے ای ایس سی نہیں بلکہ سوئی سدرن گیس کمپنی ہوگی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر سوئی سدرن نے معاہدے کے مطابق گیس فراہم نہ کی تو توہین عدالت کا کیس دائر کریں گے۔ دوسری جانب ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا بحران
شدید ہوگیا ہے اور لاہور میں 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔