کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان پینتیس افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ رضویہ پولیس نے گلبہار میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر محمد عدیل کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی عامر فاروقی کے مطابق ملزم سے نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش تئیس افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ دوسری جانب پیرآباد پولیس نے اورنگی ٹاون میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے کلاشنکوف برآمد کر لی ہے۔ ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق ملزم بارہ افراد کے قتل میں ملوث ہے۔ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔