کراچی: 24 گھنٹوں میں 5 پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک پولیس اہلکار سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا، ایک بار پھر رواں ماہ میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں تیزی آگئی ہے اور اب تک 16 پولیس اہلکاروں کو چن چن کر قتل کیا جا چکا ہے۔ ناظم آباد نمبر 3 میں مسجد و امام بارگاہ نورالاایمان کے باہر تعینات 2 پولیس اہلکاروں پرموٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے دونوں اہلکار جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت عبدالغفور اور فاروق کے نام سے ہوئی۔ اہلکاروں کی نماز جنازہ گلبرگ میں واقع ڈی آئی جی ویسٹ دفتر میں ادا کی گئی۔

اس سے قبل ہفتے کی شب ملیر ہالٹ کے قریب ہفتہ وار بازار کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار جاوید علی کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ۔ لیاری کے علاقے موسیٰ لین میں بغدادی تھانے کی 15 پولیس چوکی کے نام سے مشہور چیک پوسٹ پر ملزمان نے فائرنگ کردی، اور چوکی پر تعینات اہلکار نیاز حسین اور سعید موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ تواتر سے 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے وارداتوں میں چھوٹے ہتھیار استعمال کیے گئے اور تمام ملزمان موٹرسائیکلوں پر آئے اور ٹارگٹ کلنگ کے با آسانی فرار بھی ہوگئے۔ اعداد و شمارکے مطابق جنوری کے ابتدائی دنوں میں اب تک 16 پولیس اہلکار قتل کیے جاچکے ہیں جن میں 14پولیس کانسٹیبل اور 2ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔