کراچی: 24 گھنٹوں میں فائرنگ و پرتشدد واقعات میں 15 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں رات 12 بجے سے اب تک 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی۔

پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ادھر گزشتہ روز اورنگی ٹاوٴن نمبر 4 میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے موقع پر زخمی ہونے والا نوجوان آصف دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔

شہر میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں گزشتہ روز 13 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اورنگی ٹاوٴن میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

اورنگی ٹاوٴن نمبر 5 میں پیر آباد تھانے کی پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل علیم اور پولیس کانسٹیبل یونس موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

گلشن اقبال میں شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 سگے بھائی عابد معاویہ اور ساجد معاویہ کو قتل کر دیا۔ گزشتہ رات مسکن چورنگی کے قریب دکان پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

گلشن حدید اور سہراب گوٹھ میں بھی فایرنگ کے واقعات میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ ترجمان رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل غارتگری کے تازہ واقعات میں ایک سیاسی جماعت ملوث ہے جس کا مقصد شہر میں امن و امان خراب کرنا ہے۔

ترجمان کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں اور جلد مجرمان کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے گا۔