کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون اتحاد چوک کے قریب دستی بم ہاتھ میں پھٹنے سے ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ دھماکے میں 600 گرام دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا۔ پولیس کے مطابق اتحاد ٹاون گلی نمبر 11 میں رہائش پذیر ایک ملزم دہشت گردی کے منصوبے بنا رہا تھا تاہم دستی بم ہاتھ میں پھٹنے سے وہ ہلاک ہو گیا۔
مرنے والے کی لاش سے فنگر پرنٹس اور دیگر ٹیسٹوں کیلیے خون کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق علاقے میں تین دھماکے ہوئے تھے اور پہلے دو دھماکے اسی مبینہ دہشت گرد نے کئے تھے جس کے بعد تیسرا کریکر دہشت گرد کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گرد کے پاس سے ایک نائن ایم ایم پستول اور میگزین ملا ہے جس میں 15 گولیاں ملی ہیں۔